ممبئی : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈین بلے بازوں نے ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم کو چھکوں اور چوکوں سے نہلا دیا۔ زمبابوے کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ اس کے لیے ڈراونا خواب ثابت ہوا جب کالی آندھی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 254 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کا یہ مجموعہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور بن گیا ہے۔ (پہلا ریکارڈ سری لنکا کے 260 رنز کا ہے)۔اننگز کے دوران مجموعی طور پر 19 چھکے اور 16 چوکے لگائے گئے۔ شیمرون ہیٹ مائر نے صرف 19 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر کرس گیل کا ویسٹ انڈیز کے لیے تیز ترین ففٹی (23 گیندوں) کا ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 34 گیندوں پر 85 رنز کی اننگز کھیلی۔
شیمرون ہیٹ مائر: 85 رنز (34 گیندیں، 7 چھکے، 7 چوکے)، رومن پاول: 59 رنز (29 گیندوں پر نصف سنچری)، شیرفین ردرفورڈ: 31 رنز بنائے۔
زمبابوے کے بولرز اس طوفان کے سامنے بے بس نظر آئے۔ موزاربانی اور ناگا وارا نے دو دو وکٹیں تو حاصل کیں لیکن وہ رنز کی رفتار کو روکنے میں ناکام رہے۔