ویسٹ انڈیز میں قومی سکواڈ کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آ گئیں

ویسٹ انڈیز میں قومی سکواڈ کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آ گئیں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

سینٹ لوشیا: ویسٹ انڈیز میں پاکستانی کرکٹ سکواڈ کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آ گئی ہیں اور سکواڈ کے تمام ارکان آج سے ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ مکمل کرنے کے بعد ویسٹ انڈیز پہنچی تھی جہاں تمام کھلاڑیوں کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی۔ قومی سکواڈ میں شامل تمام ارکان ایک روز تک آئیسولیشن میں رہیں گے، کورونا ٹیسٹ کے رزلٹ منفی آنے پر کھلاڑی کل سے ٹریننگ سیشنز کا آغاز کریں گے۔
دوسری جانب قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل 11 کھلاڑیوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں رپورٹ کر دی ہے جو روم آئیسولیشن کے بعد 26 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوں گے۔ پاکستان ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی لاہور کے مقامی ہوٹل پہنچنے پر ارائیول کوویڈ ٹیسٹنگ ہوئی جس کے بعد ٹیسٹ سکواڈ کے تمام 11 ارکان روم آئیسولیشن میں چلے گئے۔
قومی کھلاڑیوں کی پہلی کوویڈ ٹیسٹنگ 19 جولائی کو گھروں میں کی گئی تھی اور اس ٹیسٹنگ کے رزلٹ منفی آئے تھے جس کے بعد کھلاڑی 26 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوں گے، جہاں وہ بارباڈوس میں قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچ ٹی 20 اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ 27 جولائی کو کھیلا جائے گا۔