لندن: میئر لندن صادق خان نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرے اور اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں صادق خان نے کہا کہ "فلسطین میں دو ریاستی حل اس وقت ممکن نہیں جب ایک ریاست کا وجود ہی خطرے میں ہو۔"
انہوں نے غزہ کی موجودہ صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "دن بہ دن حالات بدتر ہو رہے ہیں، بچے بھوک سے نڈھال ہیں، ملبے میں بھٹکتے ہیں، اور امداد کے منتظر نہتے فلسطینی خاندان اسرائیلی حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔"
صادق خان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور برطانوی حکومت کو فوری مداخلت کرنا ہوگی اور اسرائیل پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کے لیے دباؤ بڑھانا ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ "اسرائیل کے اقدامات کا کوئی جواز نہیں بنتا، اور فلسطینیوں کو ان کے حقوق دلانے کے لیے اب وقت آ گیا ہے کہ برطانیہ فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرے۔"