پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے 24 جولائی کو طلب کی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بڑی سیاسی جماعتوں کی عدم شرکت کے باعث اہمیت کھو بیٹھی ہے، جہاں پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر سید محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ حکومت سنجیدہ نہیں، اے پی سی صرف نمائشی اقدام ہے، ہم اس کا حصہ نہیں بنیں گے۔
اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے بھی شرکت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پہلے ہی فیصلے کر چکی ہے، اس کانفرنس کا کوئی مقصد نہیں رہا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے، اور جو شرکت نہیں کریں گے وہ دراصل صوبے کے مسائل سے لاتعلق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کے لیے عوامی تعاون اور سیاسی اتفاق ضروری ہے۔
حکومت نے یہ کانفرنس صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور حالیہ ڈرون حملوں کے تناظر میں بلائی ہے۔