اسلام آباد: سعودی عرب میں پاکستانی افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے فوجی فاؤنڈیشن، شعلان ایجنسی اور سعودی عرب کی معروف فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارم ہنگر سٹیشن کی آپریٹنگ کمپنی کے درمیان بڑے پیمانے پر کار ڈیلیوری ڈرائیورز کی بھرتی پر اتفاق ہوگیا۔
اس سلسلے میں کے ایچ ایم گروپ کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سعودی عرب سے ہنگر اسٹیشن کی آپریٹنگ کمپنی کے نمائندے مسٹر نازیہ النوری، شعلان ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد نواز، فوجی فاؤنڈیشن کے نمائندے میجر جنرل (ر) احسان محمود، کرنل عارف اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تینوں ادارے باہمی تعاون سے سعودی عرب میں پاکستانی کار ڈیلیوری ڈرائیورز کی ہزاروں آسامیوں پر بھرتی کے لیے مشترکہ مہم چلائیں گے۔ اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بھرتی کا تمام عمل شفاف طریقہ کار کے تحت مکمل کیا جائے گا تاکہ اہل امیدواروں کو سعودی عرب کی معروف ڈیلیوری کمپنی میں روزگار کے بہترین مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شعلان ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد نواز نے کہا کہ یہ شراکت داری نہ صرف پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرے گی بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان افرادی قوت کے شعبے میں تعاون کو بھی مزید فروغ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ شعلان ایجنسی اپنے شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر امیدواروں کو بھرتی، دستاویزی کارروائی، ویزا پراسیسنگ اور سعودی عرب روانگی تک ہر مرحلے پر مکمل سہولت فراہم کرے گی۔
سعودی وفد نے پاکستانی شراکت دار اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انتظامی معیار کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مشترکہ اقدام سعودی عرب میں ہنر مند کار ڈیلیوری ڈرائیورز کی بڑھتی ہوئی ضرورت پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اجلاس کے اختتام پر تینوں اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرونِ ملک روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان طویل المدتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مستقبل میں بھی مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔