Get Alerts

گوگل کو یورپی یونین کا بڑا جھٹکا، 89 کروڑ یورو جرمانہ عائد

گوگل کو یورپی یونین کا بڑا جھٹکا، 89 کروڑ یورو جرمانہ عائد

برسلز: یورپی یونین نے سرچ انجن کی مارکیٹ میں مبینہ اجارہ داری کا ناجائز فائدہ اٹھانے پر گوگل کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اس پر 89 کروڑ یورو (تقریباً ایک ارب ڈالر) کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

یورپی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گوگل نے اپنی مضبوط پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرچ نتائج میں اپنی مختلف سروسز کو غیر منصفانہ ترجیح دی، جس سے دیگر کمپنیوں کو مسابقت میں نقصان پہنچا۔

کمیشن کے مطابق گوگل نے شاپنگ، ٹریول، گیمز اور دیگر پلیٹ فارمز کو سرچ نتائج میں نمایاں جگہ دی، جبکہ حریف کمپنیوں کی سروسز کو نیچے دکھایا، جو منصفانہ مقابلے کے اصولوں کے خلاف ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ یورپی یونین کے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ (DMA) کے تحت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی اور دیگر کمپنیوں کی سروسز کے ساتھ یکساں اور غیر جانبدارانہ رویہ اختیار کریں، تاہم گوگل اس قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔

یورپی کمیشن نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ گوگل نے گوگل پلے اسٹور پر موجود ایپلی کیشنز کے ڈویلپرز کو صارفین کو متبادل ادائیگی کے طریقوں سے آگاہ کرنے سے روکے رکھا تاکہ کمپنی اپنی کمیشن فیس برقرار رکھ سکے۔ کمیشن کے مطابق یہ اقدام بھی ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

فیصلے کے تحت گوگل کو 60 روز کے اندر کمیشن کی ہدایات پر عمل درآمد کرنا ہوگا، بصورت دیگر کمپنی کو مزید مالی جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ادھر گوگل نے یورپی یونین کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس اقدام سے یورپ میں صارفین کو نقصان پہنچے گا اور آن لائن خدمات متاثر ہوں گی۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ یورپی یونین نے گوگل کے خلاف سخت کارروائی کی ہو۔ اس سے قبل 2018 میں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم میں اجارہ داری کے غلط استعمال پر کمپنی پر 4.7 ارب ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا تھا، جبکہ اس فیصلے کے خلاف دائر کی گئی گوگل کی آخری اپیل بھی مسترد کر دی گئی۔

اسی طرح 2017 میں سرچ مارکیٹ میں مسابقت کو متاثر کرنے پر گوگل کو 2.8 ارب ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے خلاف کمپنی کی حتمی اپیل بھی 2024 میں مسترد کر دی گئی۔
 
 
 
 

ٹیگز: