اسلام آباد/راولپنڈی:وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں 15 ملی میٹر اور اسلام آباد کے علاقے سیدپور میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث شہریوں نے سکون کا سانس لیا اور موسم کو خوش آئند قرار دیا۔
محکمہ واسا نے بتایا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ نشیبی علاقوں میں عملہ اور مشینری الرٹ کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں جیسے آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور ایم اے جناح روڈ پر صبح کے وقت ہلکی بوندا باندی ہوئی، تاہم موسم گرم رہا۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب ہوگا۔