اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پر جھوٹے الزامات کی بنیاد پر حملہ کیا گیا، جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایران کئی سالوں سے جھوٹے پروپیگنڈے کی زد میں ہے اور اس پر ایٹمی ہتھیار بنانے کا الزام بغیر کسی ثبوت کے لگایا جا رہا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس سے خطے کی سلامتی داؤ پر لگ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکی عوام کو جنگ میں دھکیل رہا ہے، حالانکہ امریکی شہری اس جنگ کے حامی نہیں ہیں۔ بلاول بھٹو نے ایران کی خودمختاری کو چیلنج کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کا حل تدبر اور تحمل سے نکالا جائے۔
علاقائی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے خطے میں بھی نیتن یاہو کی ایک سستی کاپی موجود ہے، جسے ہم نے نہ صرف جنگ میں بلکہ بیانیے کے محاذ پر بھی شکست دی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جہاں بھی گئے، پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔