Get Alerts

ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 799 ہو گئی

ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 799 ہو گئی
کیپشن: پاکستان میں کورونا کی کیٹگری 2 یعنی دوسرے درجہ دیا جارہا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 799 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 23 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد سندھ میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 352 ، پنجاب میں 225، بلوچستان میں 104، گلگت بلتستان میں 71، خیبر پختونخوا میں 31 جب کہ اسلام آباد میں 15 مریض موجود ہیں جب کہ 6 افراد صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کس درجے کا ہے ابھی حکومتی سطح پر تعین نہیں کیاجا سکا تاہم اس وقت ایشیائی ممالک میں ایران کو کورونا سے متاثرین کی فہرست میں سرفہرست دیکھا جا رہا ہے جبکہ پاکستان میں کورونا کی کیٹگری 2 یعنی دوسرے درجہ دیا جارہا ہے جبکہ ابھی تک اس بات کا بھی تعین نہیں کیا جاسکا کہ پاکستان میں وائرس سے ہونے والی شرح اموات کا تناسب کتنا ہے اور پاکستان میں کتنی تیزی سے پھیل رہا ہے اور آئندہ وائرس کے پھیلنے کی رفتار کیا ہو گی تاہم پاکستانی عوام اس وائرس کی ممکنہ تباہ کاریوں سے بے خبر ہیں، پاکستان میں وائرس اب تیسرے فیز (مرحلے) میں داخل ہورہا ہے جس میں وائرس کی شدت میں بھی تیزی آجائے گی۔

کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ میں گزشتہ رات 12 بجے سے  لاک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے جو کہ 15 روز تک جاری رہے گا۔ لاک ڈاؤن کو ’’کئیر فار یو‘‘ کا نام دیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران انتہائی ضرورت کے سوا شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہے۔ اشیائے صرف کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھلے ہیں۔