چینی وزیر خارجہ کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اہم ملاقات 

چینی وزیر خارجہ کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اہم ملاقات 

راولپنڈی :چینی وزیرخارجہ نےجی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اہم ملاقات کی ،ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے سمیت اہم امور  پر بھی بات چیت کی گئی ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیرخارجہ نے  کہاکہ پاک چین تعلقات ، باہمی تعلقات اور یکسانیت پر مبنی ہیں  چین مجموعی خوشحالی پر یقین رکھتا ہے۔آرمی چیف نےOIC کے وزرائے خارجہ کے 48ویں اجلاس کو افغانستان میں سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے اور عالمی برادری کو ایک مشترکہ وژن اور مشترکہ حکمت عملی پر لانے کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا تاکہ خطے میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا حل تلاش کیا جا سکے جو امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔ 

  آرمی چیف  نے وزیر خارجہ کے دورہ اور پاکستان کے لیے چین کی حمایت جاری رکھنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔چینی وزیرخارجہ  نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے او آئی سی کی 48ویں وزرائے خارجہ کونسل کی میزبانی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی ،ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیاگیا،چینی وزیر خارجہ نے سی پیک کو فراہم کردہ سیکیورٹی کو بھی سراہا۔