میانوالی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے میانوالی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی رحمانی خیل موڑ کے قریب خفیہ اطلاع پر کی گئی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق آپریشن کے دوران تین دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے چھ ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، تین دستی بم اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دہشتگرد میانوالی میں پولیس چوکیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی فورسز مکمل الرٹ ہیں۔