شکاگو:شکاگو میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل طارق کریم نے ایلی نوائے کی سینیٹر لورا مرفی اور دیگر منتخب امریکی عہدیداران سے ایک عشائیہ تقریب کے دوران ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
عشائیے کے دوران قونصل جنرل طارق کریم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے بھارت کی بلااشتعال جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے بالغ نظری، متوازن حکمتِ عملی اور تحمل پر مبنی دفاعی ردعمل کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کو ترجیح دی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے سے متعلق مختلف شعبہ جات میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ قونصل جنرل نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تعلیمی اور سیکیورٹی سمیت دیگر اہم شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
سینیٹر لورا مرفی اور دیگر منتخب نمائندوں نے پاکستان کے مؤقف کو سنا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور مستقبل میں روابط کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا