Get Alerts

بلاول بھٹو کی شہباز شریف سے اہم ملاقات؛ عالمی محاذ پر پاکستان کے مؤقف پر مشاورت

بلاول بھٹو کی شہباز شریف سے اہم ملاقات؛ عالمی محاذ پر پاکستان کے مؤقف پر مشاورت

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں عالمی سفارتی سرگرمیوں، ملکی سیکیورٹی اور وزارت خارجہ کی حالیہ بریفنگ سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔

بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی، وفد میں سینیٹر شیری رحمان اور سابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر شامل تھیں۔

ذرائع کے مطابق، ملاقات کے دوران بلاول بھٹو نے وزارت خارجہ میں دی گئی بریفنگ کی تفصیلات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور عالمی دارالحکومتوں میں پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر مشاورت کی۔ انہوں نے بھارت کی اشتعال انگیزی کے خلاف عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔

سابق وزیر خارجہ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان پر سفارتی اعتماد ایک اعزاز ہے، اور وہ پاکستان کے مؤقف کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے  کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستانی وفد عالمی سطح پر ملک کے مفادات کی بھرپور نمائندگی کرے گا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک، مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

ٹیگز: