وزیراعظم عمران خان نے چار نئی ٹرینوں کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم عمران خان نے چار نئی ٹرینوں کا افتتاح کر دیا
کیپشن: فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چار نئی ٹرینوں کا افتتاح کر دیا۔

ویڈیو لنک کے ذریعے چار نئی ٹرینوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ریلوے سے ہم اربوں روپے منافع کما سکتے ہیں، ریلوے سے اتنا منافع کما سکتے ہیں کہ اس کے ذریعے سے ہم نئی ریلوے لائن بھی بنا سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج تک ایم ایل ون ٹریک کا نہیں سنا لیکن اب شیخ رشید صاحب جب سے وزیر بنے ہیں ان سے اس بارے میں سن رہا ہوں اور دورہ چین کے دوران بھی شیخ رشید نے ایم ایل ون کی تعمیر پر بہت زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون ریلوے ٹریک بننے سے کراچی سے لاہور کا راستہ بذریعہ ٹرین 8 گھنٹے ہو جائے گا۔

وزیراعظم نے وزیر ریلوے شیخ رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ پچھلے ادوار میں ریلوے میں کرپشن کی گئی اور سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں ہوئیں جس کا بوجھ عوام اٹھا رہی ہے۔انہوں نے وزیر ریلوے کو ہدایت کی کہ جو لوگ کام میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں انہیں فارغ کیا جائے کیونکہ سیاسی بھرتیوں والے لوگ ادارے پر بوجھ بنے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سی پیک پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین نے درخواست کی کہ معاہدوں کو منظر عام پر نہ لایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دشمنوں کو اندازہ ہے کہ اس معاہدے میں کیا ہے اور کراچی میں چینی قونصل خانے پر ہونے والا دہشت گرد حملہ بھی سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔

اس سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید نے 16 اکتوبر کو سکھر اسٹیشن پر 2 نئی ٹرینوں کا افتتاح کیا تھا جن میں روہڑی اور کوٹری کے درمیان چلنے والی موئن جو دڑو ایکسپریس اور دوسری روہڑی سے خانپور تک چلائی جانے والی روہی فاسٹ پسنجر شامل ہیں۔