ثاقب نثار کی آڈیو جھوٹی ثابت ہوگئی ،اس کے پیچھے ن لیگ کا ہاتھ تھا: فواد چودھری

ثاقب نثار کی آڈیو جھوٹی ثابت ہوگئی ،اس کے پیچھے ن لیگ کا ہاتھ تھا: فواد چودھری
سورس: file

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو جعلی ثابت ہوگئی ہے۔ اس کے پیچھے ن لیگ کا ہاتھ تھا عدالت اس معاملے کومنطقی انجام تک پہنچائے۔ 

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ کا وطیرہ رہا ہے کہ کبھی وہ جرنیلوں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کرتے ہیں اور اب ججوں کو دباؤ میں لانا چاہ رہے ہیں۔ یہ آڈیو بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ 

فواد چودھری نے الزام لگایا کہ مریم نواز نے جعلی آڈیو اور ویڈیو بنانے کے لیے ٹیم بنا رکھی ہے اس کا مقصد ان کا یہ ہے کہ وہ اپنی پارٹی پر گرفت مضبوط رکھیں۔ 

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہی ہوں گے کابینہ نے اس حوالے سے کمیٹی بنائی ہے جو الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے گی اور الیکشن کمیشن کے جو بھی تحفظات ہوں گے دور کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو ہمارا شکرگزار ہونا چاہیے کہ ہم نے نوازشریف کو بیٹوں کو ووٹ کا حق دے دیا ہے۔ انہوں نے پاکستان تو آنا نہیں لہٰذا ادھر ہی ووٹ ڈال لیں گے۔ 

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ میڈیا سے گلہ ہے ۔ویسے تو تمام حکومتیں ہی میڈیا سے ناراض ہوتی ہیں ہماری بھی ناراض ہے ظاہر ہے جب تنقید ہوگی کوئی خوش تو نہیں ہوگا لیکن ہماری حکومت میڈیا کی نشاندہی پر مسائل حل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ میڈیا والے جب چینی اور ٹماٹر کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ہیڈلانز لگاتے ہیں لیکن جب کم ہوتی ہیں تو خبر ہی نہیں لگاتے۔ 

انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمت اب 90 روپے پر آگئی ہے اور بہت جلد یہ 85 روپے پر آجائے گی ۔ آٹا بھی سستا مل رہا ہے لیکن میڈیا ان چیزوں کو اجاگر نہیں کرتا۔