واشنگٹن: امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان چین اور امریکا کے درمیان ایک تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ وہ فیوچر سکیورٹی سمٹ سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے پاکستان کی ماحولیاتی چیلنجز، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے کی سلامتی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، اور یہ تبدیلی پاکستان کے لیے ایک وجودی خطرہ بن چکی ہے۔ پاکستان اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔
رضوان سعید شیخ نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ پہلگام واقعے کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، اور کہا کہ دنیا دو جوہری ریاستوں کے درمیان تصادم کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے، اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
پاکستان کے سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات تاریخ کے بہترین سطح پر ہیں، اور پاکستان چین اور امریکہ کے درمیان تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے افغانستان میں دہشت گردی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور وہ امن کا خواہاں ہے، مگر عوام کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔