Get Alerts

جی ایچ کیو حملہ کیس : انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی کی درخواستیں خارج کر دیں

جی ایچ کیو حملہ کیس : انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی کی درخواستیں خارج کر دیں

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران بانی تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی دو درخواستیں خارج کر دی ہیں۔ کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی، جس میں بانی پی ٹی آئی کے وکلاء فیصل ملک اور سلمان اکرم راجہ، اور پراسیکیوٹرز ظہیر شاہ اور اکرام امین منہاس عدالت میں پیش ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواستوں میں عدالتی کارروائی کی فوٹیج فراہم کرنے اور جیل ٹرائل کی منتقلی سے متعلق ہائی کورٹ کے آرڈرز تک سماعت روکنے کی استدعا شامل تھی۔ وکیل فیصل ملک نے عدالت کو بتایا کہ موکل کی مشاورت کے بغیر وہ سماعت کا حصہ نہیں بننا چاہتے، تاہم عدالت نے کہا کہ سابقہ سماعت میں بانی سے بات کرائی گئی تھی لیکن انہوں نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا۔

عدالت نے وکلاء کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ احکامات کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں اور عدالتی کارروائی روکی نہیں جا سکتی۔ پراسیکیوٹرز نے وکلاء صفائی پر عدالت کا وقت ضائع کرنے اور سماعت کا بائیکاٹ کرنے کا الزام عائد کیا۔

عدالت نے واضح کیا کہ ٹرائل ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق جاری رہے گا اور درخواستیں خارج کر دی گئیں۔

ٹیگز: