کورونا وائرس کی نشاندہی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم کی طرف جا رہے، وزیر اعظم عمران خان

 کورونا وائرس کی نشاندہی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم کی طرف جا رہے، وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کیلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم کی طرف جا رہے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں  ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں کیساتھ ملاقات کے دوران بتایا کہ  آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم سے کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں اور مقامات کی نشاندہی ہوگی۔

 عمران خان نے کہا کہ آہستہ آہستہ لاک ڈاؤن کھول رہے ہیں، تاہم اس میں وقت لگے گا۔ 75 فیصد دہاڑی دار مزدور ہمارے پاس رجسٹرڈ ہی نہیں، ایسے لوگوں کی وجہ سے ہی لاک ڈاؤن نہیں لگانا چاہتا تھا۔

مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کا پیسہ بنانے والے آزاد میڈیا سے خوف کھاتے ہیں۔ تاہم کوئی کتنا بھی جھوٹ بولے، بالاخر عوام سچ ڈھونڈ لے گی۔

انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں کو بتایا کہ پی ٹی آئی پاکستان میں سب سے پہلے سوشل میڈیا استعمال کرنے والی جماعت ہے۔ 30 اکتوبر 2011ء کو تحریک انصاف کے جلسے کے بعد مخالفین میں خوف پیدا ہوا اور 2012ء میں میڈیا پر پیسے کا استعمال شروع ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے مشکلات میں راستے نکالنے کی صلاحیت انسان میں رکھی ہے۔ ٹیلی ایجوکیشن سسٹم سے ان علاقوں میں تعلیم پہنچی جہاں کوئی نظام نہیں تھا۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ وبا کب ختم ہوگی، کوئی بھی اس بارے میں نہیں کہہ سکتا۔ یہ وائرس پوری دنیا کے لئے ایک بڑا امتحان ہے۔ تاہم ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک میں کورونا کے مسائل مختلف ہیں۔

ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں سے ترسیلات زر رک گئی ہیں۔ آئی ایم ایف کی جانب سے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف دیا گیا۔