خواجہ آصف کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر

خواجہ آصف کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر
کیپشن: خواجہ آصف کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر
سورس: file

لاہور : آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر رہوگئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی بنچ منگل کو سماعت کرے گا۔

نیو نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بینچ 27 اپریل کو درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا۔ خواجہ آصف نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ضمانت پر رہائی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

نیب نے عدالت سے خواجہ آصف کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی ہے۔ لیگی رہنما خواجہ آصف جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ 

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو  نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ن لیگی رہنما خواجہ آصف کو 29 دسمبر کو احسن اقبال کے اسلام آباد میں گھر سے گرفتار کیا تھا۔ خواجہ آصف احسن اقبال کے گھر اجلاس میں شرکت کیلئے آئے تھے۔

ترجمان نیب کے مطابق خواجہ آصف 26 کروڑ مالیت کے اثاثوں کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

خیال رہے کہ خواجہ آصف قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر ہیں اور وہ سابق وزیر خارجہ بھی رہے ہیں، خواجہ آصف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 73 سیالکوٹ 2 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔