لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف، شہباز شریف اور دیگر 16 لیگی رہنما جن میں وفاق وزرا بھی شامل ہیں انہیں عدلیہ مخالف بیانات سے روک دیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں سول سوسائٹی کی رہنما کی جانب سے درخواست دائر کی گئی جس کی جسٹس مامون رشید نے بند کمرے میں سماعت کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما، وزرا سرعام عدلیہ مخالف تقریریں کر رہے ہیں اور کوئی ادارہ نوٹس نہیں لے رہا۔
عدالت نے درخواست گزار کا مؤقف سننے کے بعد چیئرمین پیمرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ نواز شریف اور لیگی رہنماؤں کے عدلیہ مخالف بیانات نشر نہ کیے جائیں۔
عدالت نے چیئرمین پیمرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پیمرا کو حکم نامے پر عمل کے لیے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کی جائی۔
یاد رہے سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاناما کیس میں نااہلی کے بعد اپنے بیانات میں عدالتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب کہ ریلی کے دوران بھی انہوں نے عدلیہ سے متعلق بیان دیا تھا۔ اس کے علاوہ (ن) لیگ کے رہنماؤں اور وزرا نے بھی عدالتی فیصلے پر عدلیہ مخالف بیانات دیئے تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں