بارباڈوس : پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدلتے ہوئے انٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز کو ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کے خلاف سنسنی خیز کامیابی دلا دی۔
166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فالکنز کی صورتحال اس وقت مشکل ہوگئی جب ٹیم نے 92 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دیں۔ جیت کے لیے مزید 74 رنز درکار تھے، تاہم ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شاداب خان نے کوسل پریرا کے ساتھ مل کر مقابلے کا رخ تبدیل کردیا۔
دونوں بلے بازوں نے صرف 33 گیندوں پر 76 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔ شاداب نے محض 20 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 52 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
میچ کا فیصلہ کن مرحلہ 18ویں اوور میں آیا۔ ٹرینباگو کو آخری تین اوورز میں 37 رنز کا دفاع کرنا تھا، لیکن شاداب نے ناتھن ایڈورڈ کے اوور کی ابتدائی چار گیندوں پر تین بلند و بالا چھکے لگا کر میچ فالکنز کے حق میں کردیا۔
آخری دو اوورز میں فالکنز کو فتح کے لیے صرف 11 رنز درکار تھے۔ شاداب نے ٹیرنس ہندز کی گیندوں پر مزید دو چھکے جڑ کر ہدف حاصل کرلیا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ فالکنز نے یہ ہدف 9 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔
شاداب کی میچ وننگ اننگز پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس کامیابی کے نتیجے میں انٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز سی پی ایل 2026 کی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست بھی آگئی۔
اس سے قبل ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے تھے۔ کولن منرو نے 46 جبکہ نکولس پورن نے 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، لیکن شاداب کی برق رفتار بیٹنگ نے ان کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں۔