نیب ریفرنسز،نواز شریف کیخلاف فیصلے کی گھڑی آن پہنچی،جج ارشد ملک آج فیصلہ سنائیں گے

نیب ریفرنسز،نواز شریف کیخلاف فیصلے کی گھڑی آن پہنچی،جج ارشد ملک آج فیصلہ سنائیں گے
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد:پاکستان کے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کیخلاف نیب ریفرنسز کے فیصلے کی گھڑی آن پہنچی اور آج العزیزیہ ،فلیگ شپ کا فیصلہ سنایا جائے گا۔احتسا ب عدالت کے جج ارشد ملک محفوظ فیصلہ سنائیں گے جبکہ مریم نواز کے عدالت میں فیصلہ سننے آنے کے امکانات بھی ہیں۔


تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے دو ریفرنسز العزیزیہ اور فلیگ شپ کا فیصلہ آج سنایا جائے گا جبکہ عدالت نے 18 دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔کمرہ عدالت میں صرف نواز شریف اور وکلاءکو جانے کی اجازت ہوگی جبکہ عدالت کے اندر اور باہر ایک ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

انتظامیہ کی جانب سے خصوصی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرلئے گئے، سیکٹر جی الیون میں احتساب عدالت کے راستے بند ہونگے سکیورٹی کے لئے رینجرز کے 100 جوان بھی تعینات ہونگے،سیاسی کارکنان کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر جمع نہیں ہونے دیا جائے گا۔

احتساب عدالت سمیت شہر بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ کسی بھی اہم عوامی مقام یا شاہراہ پر ن لیگی کارکنوں کے احتجاج کو ہر قیمت پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ نواز شریف کو الزام ثابت ہونے پر 14 سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے جبکہ احتساب عدالت کو اس الزام کے تحت کم سے کم سزا دینے کا بھی اختیار حاصل ہے۔

واضح رہے کہ پہلے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10، مریم کو 7 جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا ہوچکی ہے۔