Get Alerts

عالمی وبا کی ویکسین کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا: فواد چودھری

The quality of corona vaccine cannot be compromised: Fawad Chaudhry
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ عالمی وبا کی دوائی کے معیار پر کسی قسم کا کوئی سجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ویکسین کی پاکستان میں درآمد پیچیدہ اور اہم معاملہ ہے۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان  میں بتایا کہ ویکسین کی خریداری کے حوالے سے گزشتہ روز پہلا اجلاس ہوا۔ کمیٹی کا ٹارگٹ جلد از جلد پاکستان میں بہترین ویکسین کم قیمت پر مہیا کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قیمت سے زیادہ اہم ویکسین کا مکمل محفوظ ہونا ہے، معیار پر سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔ کورونا ویکسین کی پاکستان درآمد پیچیدہ اور اہم معاملہ ہے۔ اپنے ایک دوسرے ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں رقم پاکستان بھیجنے پر اورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کے کیسوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ آج 111 افراد اس موذی مرض کے ہاتھوں انتقال کر چکے ہیں۔ ملک میں سب سے زیادہ مثبت کیسز آنے کی شرح کراچی میں 12.45 ریکارڈ کی گئی ہے۔ پشاور 10.96 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر، ایبٹ آباد 7.81 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ صوبوں میں سب سے زیادہ وبائی وائرس کیسز کے مثبت آنے کی شرح خیبر پختونخوا میں 8.46 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ صوبہ سندھ میں وائرس مثبت آنے کی شرح 7.88 فیصد، آزاد کشمیر میں 6.17 فیصد، بلوچستان میں 5.64 فیصد جبکہ پنجاب کے شہروں میں کیس مثبت آنے کی شرح لاہور میں سب سے زیادہ 7.29 فیصد ہے۔