انقر ہ : ترکی کے دارالحکومت انقرہ سے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس جانے والا ایک طیارہ پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس میں لیبیا کے فوجی سربراہ سمیت 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ 30 منٹ کی پرواز کے بعد تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا۔
ترک وزیر داخلہ کے مطابق طیارہ شام 8 بجکر 10 منٹ پر ایسن بوغا ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا، لیکن 8 بجکر 52 منٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول سے اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ ترک میڈیا نے بتایا کہ طیارہ حیمانہ کے قریب ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا لیکن اس سے دوبارہ رابطہ قائم نہ ہو سکا۔ بعد ازاں، طیارے کے ملبے تک رسائی حاصل کر لی گئی۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں لیبیا کے فوجی سربراہ جنرل محمد علی احمد الحداد، بریگیڈیئر جنرل محمود القتاوی، مشیر الاساوی اور لیفٹیننٹ جنرل الفطوری شامل ہیں۔ لیبیا کے وزیراعظم نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "یہ سانحہ ایک بڑا قومی المیہ ہے"۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق، طیارہ روانہ ہونے کے بعد تکنیکی خرابی کا شکار ہو گیا تھا اور ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد طیارہ واپس انقرہ جانے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم لینڈنگ سے پہلے ہی یہ حادثہ پیش آیا۔
اس حادثے کے بعد ترکی اور لیبیا کے حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے۔