Get Alerts

مائیکروسافٹ نے اسکائپ کے صارفین کو ڈیٹا محفوظ کرنے کی ہدایت دے دی

مائیکروسافٹ نے اسکائپ کے صارفین کو ڈیٹا محفوظ کرنے کی ہدایت دے دی

کیلیفورنیا : مائیکروسافٹ نے دنیا بھر میں اسکائپ استعمال کرنے والے لاکھوں صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنا اہم ڈیٹا جلد محفوظ کر لیں، بصورت دیگر یہ معلومات ہمیشہ کے لیے ضائع ہو سکتی ہیں۔ کمپنی کے مطابق، اسکائپ کو رواں سال مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا تاکہ مائیکروسافٹ اپنی توجہ مائیکروسافٹ ٹیمز پر مرکوز کر سکے۔

اسکائپ ایک ایسا چیٹ ایپ تھا جو 2010 کی دہائی میں 30 کروڑ سے زائد ماہانہ صارفین کے ساتھ اپنے عروج پر تھا، لیکن واٹس ایپ، زوم اور مائیکروسافٹ ٹیمز جیسے جدید پلیٹ فارمز کے متعارف ہونے کے بعد اس کی مقبولیت میں کمی آ گئی۔ اسکائپ کا آغاز 2003 میں ہوا تھا اور 2011 میں مائیکروسافٹ نے اسے خرید لیا۔

مائیکروسافٹ نے 5 مئی 2023 کو اسکائپ سروس کو باضابطہ طور پر بند کر دیا تھا، تاہم صارفین کو اپنے پیغامات، رابطہ نمبرز اور دیگر اہم ڈیٹا کو محفوظ کرنے کے لیے کچھ مہلت دی گئی تھی۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اسکائپ صارفین کے پاس جنوری 2026 تک کا وقت ہے کہ وہ اپنا ڈیٹا ایکسپورٹ کر لیں یا خود حذف کر دیں۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ جو صارفین اس مدت کے دوران مائیکروسافٹ ٹیمز فری میں لاگ ان ہو جائیں گے، انہیں اسکائپ کی کالز اور چیٹ ہسٹری تک رسائی حاصل رہے گی۔ تاہم، اگر جنوری 2026 تک صارفین نے کوئی کارروائی نہ کی تو تمام اسکائپ ڈیٹا خودکار طور پر حذف کر دیا جائے گا اور وہ کبھی بھی واپس نہیں لایا جا سکے گا۔

نئے سال کے قریب آنے کے پیش نظر مائیکروسافٹ نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس چیک کریں تاکہ اہم یادگار لمحات اور معلومات ضائع ہونے سے بچائی جا سکیں۔

ٹیگز: