کربلا : صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس بن علی علیہ السلام کے روضوں پر حاضری دی۔ اس موقع پر گورنر کربلا ڈاکٹر نصیف جاسم الخطابی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صدر زرداری نے دونوں مقدس مقامات پر فاتحہ خوانی کی اور نفل عبادات ادا کیں۔ اس دوران انہوں نے حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی کو حق، عدل اور استقامت کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین کی قربانی ہمیشہ ہمیں عدل و انصاف کے راستے پر چلنے کی ترغیب دیتی ہے۔
صدر نے امتِ مسلمہ کے امن، اتحاد اور سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔ حضرت امام حسین علیہ السلام کے روضہ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے امام حسین کی تعلیمات کو انسانیت، عدل اور حق کے لیے ایک رہنما اصول قرار دیا۔
حاضری کے دوران، صدر آصف علی زرداری نے دونوں مزارات کے منتظمین اور مبلغین سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔