واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے معاہدے پر بات چیت نہ کی تو اس کے لیے بہت برا ہوگا۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر ایک بیان میں کہا کہ ایران پر حملہ نہ کرنے سے متعلق جنرل ڈینیئل سے منسوب خبریں جعلی ہیں، اور ایرانی عوام عظیم ہیں جنہیں نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران سے جنگ کی باتیں غلط تھیں اور ان خبروں کا کوئی حقیقت سے تعلق نہیں۔اس سے قبل امریکی عہدیداروں نے بتایا کہ امریکی نمائندہ خصوصی سٹیو وٹکوف جمعرات کو ایرانی وفد سے ملاقات کریں گے تاکہ تعلقات میں بہتری لانے کے لیے بات چیت کی جا سکے۔
دوسری جانب، امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے ایران کے بیلسٹک میزائلوں کے بارے میں کہا کہ ایران کے پاس بہت زیادہ بیلسٹک میزائل ہیں جو طویل اور کم فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ گراہم کا کہنا تھا کہ ایران کے میزائل امریکی فوجی اڈوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں اور ان سے فوجیوں کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران میں رجیم چینج کے لیے عوامی حمایت حاصل کرنا زیادہ مشکل ہے، اور موجودہ حکومت خطے میں استحکام کی راہ میں رکاوٹ ہے۔