کیلیفورنیا: زیادہ تر افراد لیپ ٹاپ کو گود میں رکھ کر استعمال کرتے ہیں، مگر کیا یہ عادت صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے؟ دراصل، جب لیپ ٹاپ کو گود میں رکھا جاتا ہے، تو اس سے خارج ہونے والی حرارت کا ہمارا جسم بہتر طور پر نمٹ نہیں پاتا اور یہ جسم میں اکٹھا ہونے لگتی ہے، جس سے لیپ ٹاپ بھی بہت زیادہ گرم ہو جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اکثر کمپنیاں صارفین کو مشورہ دیتی ہیں کہ لیپ ٹاپ کو کسی سخت اور ہموار سطح پر رکھا جائے تاکہ حرارت کی نکاسی بہتر ہو اور ہوا کا بہاؤ متاثر نہ ہو۔
تو سوال یہ ہے کہ لیپ ٹاپ کو گود میں رکھنے سے کون سے نقصانات ہو سکتے ہیں؟
ایک تحقیق جو 2016 میں جرنل آف بایومیڈیکل فزکس اینڈ انجینئرنگ میں شائع ہوئی تھی، میں بتایا گیا کہ لیپ ٹاپ کو گود میں رکھنے سے مردوں کی تولیدی صحت متاثر ہو سکتی ہے اور بانجھ پن کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ اگرچہ یہ عام نہیں ہوتا، لیکن امکان ضرور ہوتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ لیپ ٹاپ سے خارج ہونے والی کم فریکوئنسی والی ریڈی ایشن مردوں کی تولیدی صحت پر اثر ڈال سکتی ہے۔
صرف تولیدی صحت ہی نہیں، لیپ ٹاپ کی حرارت جلد کے لیے بھی نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ اگر لیپ ٹاپ بہت زیادہ گرم ہو جائے تو یہ ریڈی ایشن سے ہونے والے نقصانات سے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ گرم لیپ ٹاپ کی وجہ سے جلد پر عارضی نقصانات جیسے رنگت کی تبدیلی بھی ہو سکتی ہے، یا جلد جلنے کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔