احمد آباد/کولکتہ : آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے غیر متوقع نتائج نے کرکٹ کی دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل 'فیورٹ' قرار دی جانے والی بھارتی ٹیم جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد اب ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔
جنوبی افریقہ کے ہاتھوں احمد آباد میں ملنے والی شکست نے بھارت کی سیمی فائنل تک رسائی کو انتہائی مشکل بنا دیا ہے۔ اب بھارت کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں بچی۔
بھارت کو اپنے اگلے دونوں میچز، یعنی 26 فروری کو چنئی میں زمبابوے کے خلاف اور 1 مارچ کو کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہر صورت جیتنے ہوں گے۔ ایک بھی شکست بھارتی سورماؤں کو ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر کر دے گی، جو کہ ایک بڑی ناکامی تصور کی جائے گی۔
سپر 8 کے گروپ 1 میں ویسٹ انڈیز اس وقت سب سے مضبوط ٹیم بن کر ابھری ہے۔ زمبابوے کو 107 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ویسٹ انڈیز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ دو مرتبہ کی سابق چیمپئن ٹیم اب ٹائٹل کی مضبوط ترین دعویدار نظر آ رہی ہے۔
ورلڈ کپ 2026 اب تک بڑے اپ سیٹس کا مجموعہ رہا ہے۔ سری لنکا اور زمبابوے نے کینگروز کو ٹورنامنٹ سے باہر کر کے سب کو حیران کر دیا۔ اٹلی نے نیپال کو، جبکہ نیپال نے انگلینڈ کو ناکوں چنے چبوا دیے۔ جنوبی افریقہ کو افغانستان کو ہرانے کے لیے 'ڈبل سپر اوور' کی ضرورت پڑی۔
گروپ 2 میں پاکستان کی صورتحال بھی کچھ خاص بہتر نہیں ہے۔ بارش کی وجہ سے دو میچز متاثر ہونے کے بعد پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے، جبکہ انگلینڈ 2 پوائنٹس کے ساتھ فی الحال بہتر پوزیشن میں ہے۔آئی سی سی کے مطابق ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز درج ذیل مقامات پر ہوں گے۔ پہلا سیمی فائنل: 4 مارچ (آر پریما داسا سٹیڈیم، کولمبو ضرورت پڑنے پر کولکتہ منتقل ہو سکتا ہے)۔ دوسرا سیمی فائنل: 5 مارچ (وانکھیڈے سٹیڈیم، ممبئی)۔