مریم اورنگزیب کا ملک میں آٹے اور گندم کے سنگین ہوتے بحران پر شدید احتجاج

مریم اورنگزیب کا ملک میں آٹے اور گندم کے سنگین ہوتے بحران پر شدید احتجاج


اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ملک میں آٹے اور گندم کے سنگین ہوتے بحران پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوائی، چینی، پٹرول چور مافیا اب وزیراعظم کی سربراہی میں عوام کا آٹا چوری کر رہا ہے ،حکومت کی چوری کی نیت، نااہلی، نالائقی اور بدانتظامی کی وجہ سے بد ترین آٹا بحران آ نہیں رہا، آ چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران مافیا حکومت ملک میں فوڈ سیکیورٹی کا بحران پیدا کرکے قومی سلامتی سے کھیل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ زرعی ملک میں گندم کی فصل کے بعد آٹے گندم کا بحران کرپشن، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور عوام دشمنی کی انتہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مافیا حکومت کسان سے 1400 روپے خریدکرعوام کو 2100 روپے من گندم بیچ رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی مس مینجمنٹ سے آٹے کا بحران پیدا ہورہا ہے، قیمت زیادہ ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کی چوری کی نیت، مس مینجمنٹ، نالائقی اور نااہلی سے ملک میں ہر بحران آیا ۔

انہوں نے کہاکہ ٹڈی دل حملے،پھپھوندی، تیلے سمیت دیگر زرعی مسائل پر حکومت سوئی رہی، نتیجہ گندم کی پیداوار میں کمی سے سامنے آیا ۔ انہوںنے کہاکہ مصنوعی طورپر آٹے کی قیمت میں کمی، غلط وقت پر گندم جاری کرنے کی حکومتی حماقت کا نتیجہ برآمد ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مافیاز کے زیر اثر حکومت نے مارکیٹ توازن خراب کردیا، ملک میں تاریخی آٹے بحران پیدا ہونا شروع ہو گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ تاریخی چور ، کرپٹ ، نالائق اور نااہل ٹولے نے ملک میں بجلی گیس ، چینی ، پٹرول اور آٹے کا بحران پیدا کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بد نیت اور عوام دشمن حکومت کی وجہ سے ملک کے ہر شعبہ میں برکت ختم ہو گئی ہے۔