شدید معاشی بحران کے باوجود پاک فوج آج بھی ہمارے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے: بھارتی جنرل انیل چوہان

شدید معاشی بحران کے باوجود پاک فوج آج بھی ہمارے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے: بھارتی جنرل انیل چوہان

نئی دہلی : بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے کہا ہے کہ شدید معاشی بحران کے باوجود پاکستانی فوج آج بھی بھارت کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق نئی دہلی میں منعقدہ  مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل انیل چوہان نے کہا کہ پاکستان کے معاشی بحران اور دیگر خرابیوں سے فوج کی صلاحیت اور مہارت پر کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوا۔ وہ آج بھی مضبوط اور بھارت کے لیے خطرہ ہے۔

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے کہا کہ بھارت کو بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے اور چیلنج ہی کسی قوم کو مضبوط بناتے ہیں۔ کارگل اور گلوان کے کیس میں ہم اس کا مشاہدہ کرچکے ہیں۔ایک اور سوال پر انیل چوہان نے کہا کہ چین کا عروج ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔ اس سے سرحدی تنازع بھی برقرار ہے۔ ہمارے دو پڑوسی ایسے ہیں جو ہمارے خلاف ہیں۔ دونوں کا دعوی ہے کہ ان کی دوستی ہمالیہ سے اونچی اور سمندروں سے گہری ہے اور دونوں ایٹمی ہتھیاروں سے بھی لیس ہیں۔

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے پاکستان اور چین کا نام لیے بغیر مزید کہا کہ ہم اپنے دونوں پڑوسیوں کے عزائم اچھی طرح جانتے ہیں اور ان سے لاحق خطرات کا بھی ہمیں اچھی طرح علم ہے۔

مصنف کے بارے میں