نواز شریف کو واپس لانے کے لیے برطانیہ سے دوبارہ رابطہ کرلیا، شہزاد اکبر

نواز شریف کو واپس لانے کے لیے برطانیہ سے دوبارہ رابطہ کرلیا، شہزاد اکبر
کیپشن: نواز شریف حکومت کو بتائیں انہیں کس سے جان کا خطرہ ہے، شہزاد اکبر
سورس: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا نواز شریف بیمار نہیں بلکہ تندرست ہیں وہ خود کو عدالت کے سامنے پیش کریں اور انہیں واپس لانے کےلیے برطانیہ سے دوبارہ رابطہ کیا ہے۔

شہزاد اکبر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف بیمار نہیں تندرست ہیں اور وہ خود کو عدالت کے سامنے پیش کریں جبکہ اگر عدالت نواز شریف کو بری کر دے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں اور نواز شریف ہمیں بتائیں انہیں کس سے جان کا خطرہ ہے ہم انہیں تحفظ دیں گے جبکہ نواز شریف کو بلٹ پروف گاڑی بھی دینا پڑی تو دیں گے وہ پاکستان آئیں۔

شہزاد اکبر نےکہا کہ نواز شریف نے صحت کی بنیاد پر برطانیہ میں قیام کی توسیع کا مطالبہ کر رکھا ہے اور اگر برطانیہ نواز شریف کو ڈی پورٹ کرے تو ان کے پاس اپیل کا حق ہو گا۔

مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا نواز شریف کو لانے کے لیے برطانوی حکومت سے دوبارہ رابطہ کیا ہے اور ہم نے برطانیہ کو بتا دیا ہے کہ نواز شریف سزا یافتہ ہیں جبکہ وہ علاج کے لیے وزٹ ویزے پر برطانیہ گئے تھے اور برطانوی قانون کے مطابق کوئی شخص وزٹ ویزہ پر 6 ماہ سے زیادہ نہیں رہ سکتا۔