Get Alerts

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ڈالر کی قدر میں کمی

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ڈالر کی قدر میں کمی

اسلام آباد :  ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر کی مالی منڈیوں میں مثبت ردعمل دیکھا گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا، جب کہ انٹربینک میں ڈالر بھی کچھ سستا ہو گیا۔

کاروباری دن کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 4,361 پوائنٹس کا زبردست اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس 1,20,529 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ اس سے قبل گزشتہ روز مارکیٹ 3,855 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1,16,167 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی، جس نے سرمایہ کاروں کو شدید بےیقینی میں مبتلا کر دیا تھا۔

ادھر کرنسی مارکیٹ میں بھی مثبت اثرات دیکھے گئے۔ انٹربینک میں امریکی ڈالر 27 پیسے سستا ہو کر 283.87 روپے سے گھٹ کر 283.60 روپے پر آ گیا۔

بین الاقوامی سطح پر بھی مالی منڈیوں نے جنگ بندی کو سراہا۔ امریکی سٹاک مارکیٹس میں بھی تیزی کا رجحان رہا، جہاں ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں 1 فیصد، نیسڈیک میں 0.9 فیصد اور ڈاؤ جونز میں 0.89 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح ایشیائی منڈیوں میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 2 فیصد، چین کا شنگھائی انڈیکس 1 فیصد، جاپان کا نکی 225 انڈیکس 1 فیصد اور انڈونیشیا کا آئی ڈی ایکس کمپوزٹ انڈیکس 1.6 فیصد بڑھ گیا۔

گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 15 ارب 90 کروڑ روپے مالیت کے 19 کروڑ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا تھا، جو ظاہر کرتا ہے کہ سرمایہ کار صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور جنگ بندی نے انہیں وقتی ریلیف دیا ہے۔

ٹیگز: