اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ مل کر خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے یہ بات سعودی عرب کے سفیر سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی پر قائم ہے اور دونوں ممالک سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ سے بھائی چارے، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی رہے ہیں، اور حالیہ ملاقات ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی ہے۔