اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں 25 جون سے یکم جولائی تک تیز ہواؤں، آندھی، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق کراچی، سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، تھرپارکر، میرپور خاص، ٹھٹھہ اور بدین سمیت سندھ کے متعدد علاقوں میں 25 سے 28 جون کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، باغ، راولاکوٹ اور مظفرآباد میں شدید بارشوں کے باعث شہری سیلاب کا خطرہ ہے، جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔
ادارے نے خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، سوات، پشاور، مانسہرہ، بونیر، ایبٹ آباد، کوہاٹ، کرک، مالاکنڈ، نوشہرہ، اور دیگر علاقوں میں بھی طوفانی ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ آندھی و طوفان کے دوران کمزور عمارتوں، درختوں، کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہیں، اور گاڑیاں محفوظ مقامات پر پارک کریں۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہونے سے حادثات کا بھی اندیشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے اور عوام کو پیشگی اطلاع فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ" ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔