Get Alerts

پنجاب میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کا الرٹ: وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر انتظامیہ ہائی الرٹ، پی ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری

پنجاب میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کا الرٹ: وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر انتظامیہ ہائی الرٹ، پی ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری

لاہور:پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب بھر میں 2 سے 5 جون تک شدید آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے پیشِ نظر صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ بھیج دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عمر جاوید کے مطابق، اس موسمی سسٹم کے تحت لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں اور کسانوں کے لیے اہم سفری و حفاظتی ہدایات جاری کی ہیں۔ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے گرج چمک کے دوران کھلے مقامات، درختوں یا بجلی کے کھمبوں تلے ہرگز کھڑے نہ ہوں اور محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔  کاشتکار حضرات اپنی تیار فصلوں اور دیگر پیشگی اقدامات کو موجودہ موسمی صورتحال اور الرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیں۔
تمام متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور نکاسی آب کے لیے متحرک رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

ٹیگز: