Get Alerts

کراچی سمیت سندھ و بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی

کراچی سمیت سندھ و بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی

کراچی : کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ پیر اور منگل کے روز کراچی کے شمال مشرقی اور شمال مغربی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں تیز ہوائیں اور آندھی بھی چلنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آندھی کے دوران بل بورڈز، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

مزید یہ کہ کراچی میں 9 اور 10 مئی کے دوران بھی بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔


موسم کی غیر یقینی صورت حال صرف کراچی تک محدود نہیں، بلکہ حیدرآباد، ٹھٹہ، جامشورو، ٹنڈو الٰہ یار، ٹنڈو محمد خان، نواب شاہ، سیہون، سانگھڑ، بدین، میرپور خاص، گولارچی، مٹھی اور اسلام کوٹ میں بھی بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہداد کوٹ، روہڑی، دادو اور مورو میں آندھی کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔


ادھر شمال مشرقی بلوچستان میں آج موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے باعث باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
کوہلو، مسلم باغ، کان مہترزئی اور قمرالدین میں ژالہ باری ہوئی، جبکہ قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں شدید اولے پڑنے سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

 
 

ٹیگز: