پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں بارش و ژالہ باری، پہاڑوں پر برف باری

پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں بارش و ژالہ باری، پہاڑوں پر برف باری

اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش ہوئی، جبکہ ، مختلف اضلاع میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں برسات سے جل تھل ایک ہوگیا۔خانیوال، کلورکوٹ، شورکوٹ، بھوانہ سمیت دیگر علاقوں میں بادل جم کر برسے، مختلف اضلاع میں ژالہ باری بھی ہوئی۔جبکہ ملتان کے مضافات اور خانپور میں ژالہ باری سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی

اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری، واسا سمیت دیگر ادارے کو الرٹ جاری کردیا گیا۔

پشاور سمیت  ایبٹ آباد، خیبر، دیر بالا، مردان، بنوں، وانا اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبرپختونخوا  میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ ادھر پشاور کے ورسک روڈ شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر خاتون اور دو بچے زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مکڑا پہاڑ پر برفباری کے باعث بالائی علاقے سردی کی لپیٹ میں آگئے،جہلم ویلی، وادی نیلم میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔

بارش کے باعث گندم کی تیار فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، وسطی و بالائی پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔

کوئٹہ اور گردونواح میں تیز بارش اور ژالہ باری کے بعد سبی میں بھی اولے پڑے جس کے بعد موسم سرد ہوگیا۔ پی ڈی ایم اے نے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں طوفان، گرج چمک کے ساتھ بارشیوں کا الرٹ جاری کررکھا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ژوب زیارت، ہرنائی، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور دیگر کئی علاقوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

مصنف کے بارے میں