اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان وزیر اعظم ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران حالیہ سفارتی دورے، قومی امور اور بین الاقوامی تعلقات پر بات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی دورہ کرنے والے وفد کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ دیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ غیر ملکی دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وفد کی سفارتی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے بلاول بھٹو کو مبارکباد دی۔
ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سینیٹر شیری رحمان، سابق وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر بھی موجود تھیں۔ سرکاری وفد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، عطاء اللہ تارڑ، اور طارق فاطمی سمیت دیگر اہم شخصیات تھیں۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات کا مقصد نہ صرف سفارتی کامیابیوں کا اعتراف کرنا تھا بلکہ قومی سطح پر سیاسی ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینا بھی تھا۔