اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کے درمیان ہونے والی دلچسپ گفتگو نے ایوان کا ماحول خوشگوار بنا دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب سے تنہائی میں ہونے والی باتیں راز ہیں جو قبر تک ساتھ جائیں گی۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اپنے احترام پر مبنی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر ان کی قدم بوسی کے لیے جاتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کے الفاظ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو اجازت ہے کہ وہ راز کی باتیں اسمبلی میں بیان کر دیں۔
جواب میں وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب آپ کی اجازت قبول، لیکن اگر راز کی باتیں سامنے آگئیں تو بات بہت دور تک چلی جائے گی جہاں سے واپسی ممکن نہیں ہوگی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان اس دلچسپ مکالمے پر قومی اسمبلی کا ایوان قہقہوں سے گونج اٹھا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اسمبلی آمد پر مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈرمحمود خان اچکزئی، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان اور مولانا فضل الرحمان سے ان کی نشستوں پر جا کر مصافحہ کیا، جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کی نشست پر آ کر ان سے ملاقات کی۔