اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں گرم اور خشک موسم برقرار رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش لاہور ایئرپورٹ میں 10 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، جبکہ رحیم یار خان میں 9 ملی میٹر اور خان پور میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
دوسری جانب ملک کے کئی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہی۔ بدھ کے روز سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دادو اور دالبندین میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ بھکر، نوکنڈی اور اوکاڑہ میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب سے آنے والی کمزور مرطوب ہوائیں ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث بعض علاقوں میں بارش کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ مزید برآں مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے وسطی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ مغربی بلوچستان کے علاقے میں موسمی کم دباؤ موجود ہے، جو مقامی موسمی صورتحال پر اثرانداز ہو سکتا ہے اور بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سبب بن سکتا ہے۔