نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہ کی جائے، وزارت داخلہ کی خارجہ کو تجویز

نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہ کی جائے، وزارت داخلہ کی خارجہ کو تجویز
کیپشن: وزارت داخلہ کی نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہ کرنیکی وزارت خارجہ کو تجویز
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہ کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ واپس پاکستان آنا چاہیں تو ایمرجنسی ٹریول دستاویزات کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کیلئے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کو موصول درخواست مزید کارروائی کیلئے وزارت داخلہ کو بھجوائی تھی۔ وزارت داخلہ نے اپنے مراسلے میں سیکرٹری دفتر خارجہ کی جانب سے نواز شریف کی پاسپورٹ کی تجدید کیلئے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور نیب کے ریفرنسز میں نواز شریف اعلان شدہ مجرم ہیں، وہ جب تک عدالت میں پیش نہیں ہوتے، مزید ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔ 

وزارت داخلہ کی جانب سے وزارت خارجہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے مطابق نوازشریف کو 8 ہفتے کی ضمانت ملی تھی جبکہ پنجاب حکومت نے 8 ہفتے مکمل ہونے کے بعد ضمانت میں توسیع نہیں کی تھی،  نواز شریف کو سزا کی بقیہ مدت کوٹ لکھپت جیل میں گزارنی ہے جس سے بچنے کیلئے وہ ملک سے فرار ہوئے۔ 

سیکرٹری خارجہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ نواز شریف کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 مقدمات جبکہ  نیب میں ایک ریفرنس ہے، نواز شریف اپنے پاسپورٹ کو ری نیو کرنے کے حوالے سے تسلی بخش جواب بھی نہیں دے سکے البتہ اگر وہ واپس آنا چاہیں تو ایمرجنسی ٹریول دستاویزات کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، پاکستانی ہائی کمیشن نوازشریف کو تحریری جواب میں آگاہ کرے کہ ان کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں ہوسکتی۔