پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں کاشیڈول سامنے آگیا 

پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں کاشیڈول سامنے آگیا 

اسلام آباد  :وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی کے 27 مار چ کو ہونے والے جلسے کو حتمی شکل دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کی سینئر قیادت اپنے علاقوں سے ریلیوں کی قیادت کرے گی ۔

ذرائع کے مطابق حماد اظہر لاہور سے پرویز خٹک پشاور سے ریلی کی قیادت کریں گے،شیخ رشید اور عامر کیانی راولپنڈی سے ریلی کی قیادت کریں گے۔

دوسری جانب  فواد چوہدری جہلم اور مراد سعید سوات سے ریلی کے ہمراہ پریڈ گراؤنڈ پہنچیں گے،فرخ حبیب فیصل آباد سے علی زیدی سندھ سے ریلی کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔

وزیراعظم نے پارٹی کی سینئر قیادت کو جلسہ کے حوالے سے اہم ٹاسک سونپ دئیے، پارٹی کارکنان کو جلسہ کا وقت 3 بجے کا دیا جائے گا۔

واضح رہے  اسلام اباد انتظامیہ نے جے یو ائی کے بعد پی ٹی آئی کو بھی پریڈگراؤنڈجلسےکی اجازت دیتے ہوئے  این او سی جاری کردیا  ہے ۔

تحریک انصاف کو  پریڈ گرائونڈ جبکہ جے یو آئی ف کوبھی  سیکٹر ایچ نائن میں جلسے کی اجازت دی گئی ہے ،ضلعی انتظامیہ نےجےیو آئی ف کو38شرائط کے تحت این او سی جاری کیا،روڈبلاک نہیں کیا جائے گا، ڈنڈا بردار فورس، ہتھیار لانے کی اجازت نہیں ہوگی،  دھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 این او سی میں کہا گیا ہے کہ ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ ہے، ریڈ زون کے باہر ایک کلو میٹر کی حدود تک جانے کی اجازت نہیں ہوگی،جلسے اور ریلی کی اندرونی سیکیورٹی کی ذمہ داری منتظمین پر ہوگی، کسی بھی املاک کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار منتظمین ہوں گے، داخلی راستوں پر وفاقی پولیس اور منتظمین دونوں جامع تلاشی کریں گے، اسٹیج پر جانے والوں کے نام 12 گھنٹے قبل دیئے جائیں گے۔