پشاور : جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملکی اور علاقائی صورتحال پر مشاورت کے لیے پارٹی کی مرکزی شوریٰ کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ یہ اجلاس 4 اور 5 اپریل کو پشاور میں منعقد ہوگا جس میں ملک بھر سے شوریٰ کے اراکین شرکت کریں گے۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق، اجلاس کے لیے پانچ نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے۔ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری حالیہ تنازعات اور ان کے خطے پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔پاک-افغان سرحدوں کی صورتحال اور پڑوسی ملک افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پارٹی اپنا موقف واضح کرے گی۔
ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور سیاسی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔حال ہی میں سراج الحق اور دیگر رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں کے تناظر میں اپوزیشن کی ممکنہ مشترکہ حکمت عملی پر غور ہوگا۔
اجلاس کے اختتام پر پارٹی کی جانب سے اہم سیاسی فیصلوں اور مستقبل کے احتجاجی یا سیاسی پروگرام کا اعلان متوقع ہے۔