Get Alerts

سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں ہوں گی یا نہیں؟ فیصلہ ہو گیا

سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں ہوں گی یا نہیں؟ فیصلہ ہو گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: بین الصوبائی وزرا تعلیم کمیٹی نے 20 جون کے بعد امتحانات کے انعقاد اور گرمیوں کی چھٹیاں محدود تعداد میں دینے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم چھٹیوں کی تاریخ سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق بین الصوبائی وزراءتعلیم کمیٹی کا 29 واں اجلاس وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوا جس میں تمام صوبائی وزراءتعلیم بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان اور متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی اور ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد کیلئے تمام ممکنہ آپشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ 
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال ہر صورت امتحانات لئے جائیں گے اور بغیر امتحانات طالب علموں کو اگلی کلاسوں میں پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔ امتحانات کا آغاز 20 جون کے بعد ہو گا اور پہلے دسویں اور بارہویں کے امتحانات لئے جائیں گے تاہم حتمی تاریخوں کا اعلان متعلقہ صوبے خود کریں گے۔ اس کے علاوہ گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے بین الصوبائی وزرا تعلیم کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ’وہ محدود تعداد میں ہوں گی۔‘
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تمام وفاقی اکائیوں کو اساتذہ، نگران عملے اور دیگر انتظامی سٹاف کی بروقت ویکسی نیشن کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جن کے پاس ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ نہیں ہوگا وہ انویجی لیشن کیلئے نہیں بلائے جائیں گے اور صرف ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ رکھنے والوں کو ہی ڈیوٹی کی اجازت دی جائے گی۔ 
واضح رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے اور صوبہ سندھ میں وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کورونا کی صورتحال پر نظر رکھنے اور اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں تین ہزار 60 مثبت کیس رپورٹ ہوئے جبکہ اس دوران ہلاکتوں کی تعداد 57 رہی، صوبہ سندھ میں مئی کی 9 تاریخ سے 22 کے دوران 16 ہزار 450 نئے کورونا کیسز سامنے آئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سندھ میں گزشتہ ہفتے ایک لاکھ 34 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ ہوئے جس میں کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 13.60 فیصد اور حیدر آباد کی 10.76 فیصد رہی جبکہ پورے صوبے کے مثبت کیسز کی شرح 8.37 فیصد ہے، کورونا سے سندھ میں ہونے والے ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 920 ہے۔

ٹیگز: