Get Alerts

آج ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی، گرمی کا زور برقرار

آج ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی، گرمی کا زور برقرار

لاہور: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اطلاع دی ہے کہ آج ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ جنوبی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، نارووال، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی اور سیالکوٹ میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا کے شہروں پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی آندھی اور بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، جہاں ممکنہ طور پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، جہاں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔

گزشتہ روز بلوچستان کے شہر سبی میں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو رواں سال کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں، جبکہ گرم علاقوں میں رہنے والے افراد کو ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیگز: