اسلام آباد: پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ (PCI) کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو دفاعی محاذ پر سخت شکست دی ہے جس کے باعث جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن دوبارہ قائم ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مئی 2025 کا یہ واقعہ جنوبی ایشیا کی تاریخ میں ایک نمایاں موڑ ثابت ہوا ہے۔
رپورٹ کا عنوان ہے "16 گھنٹے میں جنوبی ایشیا کی تاریخی تبدیلی"، جسے سینیٹر مشاہد حسین سید نے جاری کیا۔ رپورٹ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکمت عملی کی ناکامی اور پاکستان کی دفاعی برتری پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ سینیٹر مشاہد نے پاک فوج کی قیادت، خاص طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی موثر حکمت عملی کو خراج تحسین پیش کیا۔
رپورٹ میں پاک فضائیہ کی جدید صلاحیتوں، الیکٹرانک جنگ اور سائبر دفاع کو اہم عنصر قرار دیا گیا ہے، جبکہ پاکستان کی مضبوط حکمت عملی، قومی اتحاد اور سفارتی کوششوں کو کامیابی قرار دیا ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ کی حمایت اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن اقدامات کو بھی رپورٹ میں سراہا گیا ہے۔ جنوبی ایشیا میں اب تین اہم سٹریٹجک حقائق سامنے آئے ہیں: دفاعی توازن کی بحالی، چین کا مسئلہ کشمیر میں کلیدی کردار اور امریکہ کی ثالثی کوششیں۔
پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ نے تین نکاتی حکمت عملی پیش کی ہے جس میں علاقائی ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنا، بھارت کے خلاف بین الاقوامی عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی اور میڈیا و سفارتی میدان میں مؤثر بیانیہ شامل ہے۔
سینیٹر مشاہد حسین نے خبردار کیا کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کے پیش نظر ملک میں یکجہتی اور اتحاد ضروری ہے تاکہ بیرونی خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔
رپورٹ میں کشیدگی کی مکمل ٹائم لائن، عالمی آراء اور تاریخی غلط فیصلوں کا بھی تفصیلی جائزہ شامل ہے۔