Get Alerts

لاہور: ریپ و بدفعلی کے مجرمان کی نگرانی کے لیے الیکٹرانک بینڈز متعارف

لاہور: ریپ و بدفعلی کے مجرمان کی نگرانی کے لیے الیکٹرانک بینڈز متعارف

لاہور: ریپ اور بدفعلی کے عادی مجرمان کی مؤثر نگرانی کے لیے پنجاب پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اب ان خطرناک افراد کو الیکٹرانک بینڈز پہنائے جائیں گے، جو اُن کے ٹخنوں پر فٹ ہوں گے اور ہر وقت ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، ابتدائی مرحلے میں دو یا اس سے زائد مقدمات میں ملوث افراد کو یہ الیکٹرانک بینڈز لگائے جائیں گے، جو سی سی ڈی کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے۔ ہر گھنٹے بعد مجرم کی لوکیشن اور دیگر تفصیلات کنٹرول روم کو موصول ہوں گی۔

اگر کوئی مجرم بینڈ کو اتارنے یا نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا تو سسٹم فوری طور پر الرٹ جاری کرے گا۔ ان افراد کو مخصوص علاقوں تک محدود رکھا جائے گا اور بہتر رویے کی صورت میں مقررہ مدت کے بعد بینڈ ہٹایا جا سکے گا۔

پہلے مرحلے میں لاہور پولیس کو 30 جبکہ پنجاب بھر میں 100 الیکٹرانک بینڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ اس نظام کا باضابطہ آغاز آئندہ ایک یا دو روز میں متوقع ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے سماج دشمن عناصر کے خلاف ’’غنڈہ ایکٹ‘‘ بھی متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے تاکہ معاشرے کو پرتشدد اور جنسی جرائم میں ملوث افراد سے محفوظ بنایا جا سکے۔

ٹیگز: