Get Alerts

لداخ میں ایک اور بھارتی ہیلی کاپٹر تباہ، میجر جنرل سمیت 3 افسر زخمی، بھارتی ایوی ایشن پر سنگین سوالات اٹھ گئے

لداخ میں ایک اور بھارتی ہیلی کاپٹر تباہ، میجر جنرل سمیت 3 افسر زخمی، بھارتی ایوی ایشن پر سنگین سوالات اٹھ گئے

نئی دہلی / مقبوضہ لداخ: مقبوضہ لداخ کے فضائی مہم جوئی کے علاقے میں بھارتی فوج کا ایک اور طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا ہے، جس سے بھارتی ملٹری ایوی ایشن کے حفاظتی معیار اور مسلسل گرتے ہوئے سکیورٹی ریکارڈ پر ایک بار پھر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔

معروف بھارتی اخبار "دی ٹائمز آف انڈیا" کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی فوج کا فرانسیسی ساختہ پرانا 'چیتا ہیلی کاپٹر' مقبوضہ لداخ کے دشوار گزار پہاڑی سلسلے میں توازن برقرار نہ رکھ سکا اور گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار ایک میجر جنرل سمیت تین اعلیٰ بھارتی فوجی افسران شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    بھارتی فوج کا خستہ حال فضائی بیڑا: بھارتی دفاعی ماہرین اور میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گزشتہ 10 سالوں کے دوران بھارتی فوج کے کم و بیش 10 چیتا ہیلی کاپٹر مختلف حادثات کا شکار ہو کر مکمل تباہ ہو چکے ہیں۔ ان مسلسل حادثات نے انڈین ملٹری ایوی ایشن کی مینٹیننس (مرمت) اور خستہ حال فضائی بیڑے کی آپریشنل صلاحیت کا پول کھول دیا ہے۔

سفارتی اور دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشکل موسمی حالات اور پرانی ٹیکنالوجی کے باوجود بھارتی ہائی کمان کی جانب سے ان 'اڑتے تابوتوں' کا مسلسل استعمال پائلٹس اور اعلیٰ افسران کی زندگیوں کو شدید خطرات میں ڈال رہا ہے، جس پر خود بھارت کے اندر سے اب شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

ٹیگز: