Get Alerts

پاک چین معاشی شراکت داری حکومتی سطح سے کاروباری شعبے میں منتقل ہو رہی ہے، اسحاق ڈار

پاک چین معاشی شراکت داری حکومتی سطح سے کاروباری شعبے میں منتقل ہو رہی ہے، اسحاق ڈار

ہانگژو :نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کر لیا ہے اور اب ملک کی معاشی سمت مضبوطی سے پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے مکمل طور پر تیار اور کھلا ہے۔

چین کے شہر ہانگژو میں 'بزنس ٹو بزنس (B2B) انویسٹمنٹ کانفرنس' سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے مابین اب تک 13 ارب ڈالر سے زائد کے معاشی معاہدے طے پا چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں برادر ممالک کی معاشی شراکت داری اب ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے، جہاں یہ تعاون صرف حکومتوں تک محدود رہنے کے بجائے نجی شعبے اور کاروباری اداروں کی سطح پر منتقل ہو رہا ہے۔

نائب وزیراعظم نے حکومت کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے معاشی ترقی کے حصول کے لیے 'اقتصادی سفارت کاری' کو اپنی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون بنا دیا ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملکی معاشی بحالی، صنعتی توسیع اور سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ٹیگز: